ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا ہائی کورٹ نے بی جے پی ایم ایل سی وشواناتھ کو قرار دیا وزیر بننے کے لئے نااہل

کرناٹکا ہائی کورٹ نے بی جے پی ایم ایل سی وشواناتھ کو قرار دیا وزیر بننے کے لئے نااہل

Mon, 30 Nov 2020 23:38:49    S.O. News Service

بنگلور 30 نومبر (ایس او نیوز) کرناٹکا ہائی کورٹ نے جنتادل سے بی جےپی میں جمپ لگانے  والے ایم ایل سی  وشواناتھ کو وزارات کے لئے نا اہل قرار دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے پیر کو اپنے عبوری فیصلہ میں کہا کہ اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دئے گئے ایچ وشواناتھ کو وزیر کا عہدہ نہ دیا جائے۔ البتہ ایم ایل سی   آر شنکر اور این ناگراج وزارت کے اہل رہیں گے کیونکہ دونوں منتخب نمائندے ہیں۔

ایچ وشواناتھ کو ہائی کورٹ کی جانب سے وزیر بننے کے لئے نا اہل قرار دینے کے بعد سننے میں آرہا ہے کہ ان کو لیجس لیٹیوکونسل کی رکنیت سے بھی ہٹایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ  وشواناتھ نے جے ڈی ایس سے اور ایم ٹی بی ناگراج نے کانگریس سے استعفیٰ دیا تھا اور بی جے پی کی حمایت کی تھی، اسی طرح آر شنکر نے بھی  بی جے پی کی حمایت کی تھی، ان کو وزیر نہ بنائے جانے کی اپیل کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے وشواناتھ کو وزیر نہ بنائے جانے کی ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ  وزیر بنانے کے لئے جو فہرست گورنر کو بھیجی جائے گی اس میں وشواناتھ کا نام ہٹایا جائے۔ عرضی گذار نے کہا تھا کہ وشواناتھ کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد آئندہ  لیجس لیٹو اجلاس میں ان کو شرکت کا موقع نہ دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ عرضی میں صرف یہ اپیل کی گئی ہے کہ وزیر نہ بنایا جائے اس لئے عبوری فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس مرحلہ پر لیجس لیٹیو کونسل کی ان کی رکنیت پر سوال نہیں کیا جاسکتا۔ آئین کی دفعہ 361 (B) کے تحت نا اہل قرار دئے گئے کسی بھی رکن کو اس کی نا اہلی کی میعاد ختم ہونے یا دوبارہ الیکشن جیتنے تک وزیر کا عہدہ یا سیاسی عہدہ نہیں دیا جاسکتا۔

یہاں یہ بات بھی قابل  غور ہے کہ لیجس لیٹیو اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دئے گئے رکن کو کیا لیجس لیٹیو کونسل کا رکن بنایاجاسکتا ہے۔ اس لئے آئندہ دنوں میں وشواناتھ کو ایم ایل سی بنائے جانے کے خلاف بھی عدالت میں عرضی دائر کی جاسکتی ہے۔


Share: